اگریزی زبان سیکھنے کا آسان طریقہ | گھر بیٹھے انگلش سیکھنے کے طریقے

اگریزی زبان سیکھنے کا آسان طریقہ | گھر بیٹھے انگلش سیکھنے کے طریقے

زبان سیکھنے کا طریقہ
زبان سیکھنے کا طریقہ

 آپ کو انگریزی سیکھنی ہو یا کوئی اور زبان، زبان سیکھنے کے چار اہم حصے ہوتے ہیں، اگر کوئی ان میں ماہر ہے؛ تو اس کا مطلب وہ اس زبان میں ماہر ہے، اور اگر ان میں سے کسی حصہ میں کمی ہے؛ تو اس کا مطلب وہ اس زبان کو اچھی طرح نہیں جانتاہے. وہ چار حصے ہیں:

  1. Speaking : بولنا
  2. Listening : سننا
  3. Reading  : پڑھنا
  4. Writing  : لکھنا

تو چلیے ان چاروں صلاحیتوں کو تفصیل سے جانتے ہیں تاکہ آپ کے لیے انگریزی زبان سیکھنا آسان سے آسان تر ہوجائے۔۔۔

زبان سیکھنے کی چار  صلاحیتیں

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

انگلش بولنا : Speaking

یہ سب سے زیادہ اہم ہے۔ اور اکثر لوگ انگریزی صرف اسی لیے سیکھتے ہیں کہ وہ انگلش بول سکیں حالانکہ یہ اچھا تو نہیں ہے کہ آپ صرف انگریزی بولنا سیکھیں اور پڑھنا، لکھنا نہ جانیں لیکن پھر بھی اس سے اس بات کی اہمیت کا اندازہ تو لگایا جاسکتا ہے کہ انگلش بولنا سیکھنا کتنا ضروری ہے۔

اس لیے اگر آپ انگریزی اچھی طرح سے بولنا چاہتے ہیں، تو آپ کو یہ سکھنا ہوگا کہ

  • میں انگریزی کیسے بولوں؟
  • اور میں اس کیلیے کیا کر سکتا ہوں؟ 🤔🤔

تو اس کا آسان اور مفید طریقہ یہ ہے کہ آپ پہلے انگریزی کے بنیادی قواعد سیکھیں اور اس کے بعد کسی ساتھی کو تلاش کریں اور یہ طے کرلیں کہ اس کے ساتھ آپ کو انگریزی ہی میں بات کرنی ہے کسی اور زبان کا استعمال نہیں کرنا ہے۔

لیکن اگر آپ کے ساتھ انگریزی بولنے والا کوئی نہ ہو؛ تو کیا کریں؟

اگرآپ کسی انگریزی بولنے والے ملک میں نہیں رہتے؛ تو کیا کریں؟

تو کوئی بات نہیں۔

کچھ انگلش بولنے کی مشقیں ہیں جو آپ خود اکیلے کر سکتے ہیں۔ اور اگر آپ ان پر کاربند رہیں تو آپ خود فرق محسوس کریں گے۔

1. چھوٹے جملوں سے شروعات کیجیے

پہلے کچھ اہم اور آسان جملے سیکھیں اور ان سے شروع کریں، پھر اس کے بعد کچھ مشکل بڑے جملے سیکھیں اور گفتگو میں اسے استعمال کریں اور اس بعد مزید مشکل اور بڑے جملے۔۔ اس طرح مزید پیچیدہ بڑے جملے سیکھتے اور گفتگو میں استعمال کرتے جائیں۔ 

مثال کے طور پر، پہلے کسی سے ملنے پر یا کسی کو مبارکباد دینے کے فقرے سیکھیں:

  • Hi! How are you?
  • “ہائے! آپ کیسے ہو؟” 
  • Fine, Thank you, and you?
  • “ٹھیک ہوں، شکریہ. اور آپ؟”

یا راستہ پوچھنے کے لئے ایک آسان جملہ: 

Excuse me!! I am looking for….. (London road/ Umbrella shop….)

“معاف کیج!! میں تلاش کر رہا ہوں… (لندن روڈ/ چھتری کی دکان۔۔۔۔)”

یا اسی طرح کے اور جملے جو روزانہ استعمال ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں!

2. زیادہ سے زیادہ سنیں اور نقل کریں:

انگریزی بولنے میں سب سے زیادہ دشواری یہی ہوتی ہے کہ الفاظ ہوتے ہوئے بھی بولنے میں جھجک محسوس ہوتی ہے کیونکہ بچپن سے اپنی مادری زبان بولنے کی وجہ سے ذہن اور زبان انگریزی سے مانوس نہیں ہوتے ہیں۔

اس لیے سب سے پہلے آپ انگریزی سنیں، خواہ انگریزی نیوز میں یا انگریزی ویڈیوز وغیرہ میں، اس کے بعد آپ نے جو کچھ سنا ہے ویسا ہی نقل کرنے اور خود سے انہیں ادا کرنے کی کوشش کریں۔ ہوسکتا ہے شروع میں آپ کو عجیب لگے اور غلطیاں بھی ہوں؛ لیکن کچھ دنوں بعد آپ مانوس ہو جائیں گے، اور انگریزی آپ کی زبان پر جاری ہونے لگے گی اور اس طرح انگریزی بولنے میں جو جھجک محسوس ہوتی ہے وہ بھی ختم ہوجائے گی۔

3۔ غلطیاں کرنے سے پریشان ہونا بند کریں:

ہم سب غلطیاں کرتے ہیں۔ اور ماہرین کا ماننا ہے کہ ہم غلطیوں سے ہی زیادہ سیکھتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ انگریزی بولتے وقت غلطیاں کرتے ہیں؛ تو ان غلطیوں سے نہ گھبرائیں۔

 4۔ آئینہ کے سامنے مشق کریں:

یہ طریقہ مجھے سب سے آسان اور اچھا لگتا ہے۔ اگر آپ کے پاس وقت نہیں ہے، اور نہ ہی کوئی ساتھی جس کے ساتھ مشق کرسکیں؛ تو بس اتنا کیجیے کہ رات کو آئینہ کے سامنے کھڑے ہو جائیے اور آج دن بھر میں آپ نے جو بھی کیا ہے اس کو انگریزی میں دہرائیے، ٹوٹی پھوتی انگریزی ہی میں کیوں نہ ہو۔ اس کے بعد جو آپ سے غلطیاں ہوئی ہیں انہیں درست کرکے اور جن الفاظ کی انگریزی نہیں آرہی ہے انہیں لغت میں دیکھ کر کاغذ وغیرہ پر لکھ لیجیے۔ اور اب اس صحیح انگریزی کو آئینہ میں دیکھ کر دوبارہ بولیے ایسا بس تین بار کیجیے اس سے زیادہ کی ضرورت نہیں؛ لیکن روزانہ ایسا کیجیے۔۔۔ 

اگر آپ نے پابندی سے ایسا کیا؛ تو کچھ دنوں بعد آپ مجھے شکریہ کہیں گے۔………..

انگلش سننا : Listening 

سننے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اس زبان کے بولنے والے کو سن کر سمجھ سکیں کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ اور یہ بہت اہم چیز ہے۔ اس کو اس طرح سمجھیے کہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو عربی آتی ہے؛ لیکن آپ عربی بولنے والوں کو سن کر یہ نہیں سمجھ سکتے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں؛ تو حقیقت یہ ہے کہ  عربی نہیں آتی۔

اس لیے آپ کو سننے آنا چاہیے۔اور اس صلاحیت کے لیے آپ چند چیزیں کر سکتے ہیں:

1: شروع میں ، آپ کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ آپ باقاعدگی سے سننے کی عادت بنالیں  ۔ ایک بار عادت بن جانے کے بعد ، پھر طبیعت پر بوجھ نہیں ہوگا۔

2: روزانہ کم از کم 15 منٹ تک کچھ نہ کچھ انگریزی ضرور سنیں!

 3: یقینی بنائیں کہ آپ کے فون میں ہمیشہ سننے والا مواد موجود ہو۔

  اس کے لیے ، آپ کو اپنے فون پر انگریزی سننے کے بہت سارے مواد کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح ، آپ انگریزی سن سکتے ہیں خواہ آپ کہیں بھی ہوں۔

آپ کے فون پر کس طرح کا انگریزی مواد ڈاؤن لوڈ کرنا ہے؟

پوڈکاسٹس: Podcasts

پوڈکاسٹ آڈیو شوز (انگریزی گفتگو) ہیں جسے آپ انٹرنیٹ سے مفت ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

اپنے فون پر پوڈ کاسٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے ، آپ کو ایک پوڈ کاسٹ ایپ کی ضرورت ہے۔ 

آپ Play store پر جاکر Podcast سرچ کیجیے پھر جو زیادہ ریٹنگ والا ایپ ہو وہ ڈاؤن لوڈ کرلیجیے۔ اور اسے سننا شروع کر دیجیے۔

4: اپنے فارغ اور اکتا دینے والے وقت کو سننے میں استعمال کیجیے:

نیچے کی چیزوں پر ایک نظر ڈالیں:

  1. ڈرائیونگ
  2. بس / ٹرین میں سوار ہونا۔
  3. کسی کا انتظار کرنا۔

ان سب چیزوں میں عام کیا ہے؟

ان میں عام یہ ہے کہ یہ کام اکتا دینے والے اور بورنگ ہوتے ہیں، اور آپ کے پاس ان اوقات میں کچھ کام نہیں ہوتاہے۔ تو آپ ان اوقات میں انگریزی سن سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کا وقت بھی گزر جائے گا اور صلاحیت میں اضافہ بھی۔۔۔۔

وہ غلطیاں جن سے بچنا چاہیے

  1.  سب سے پہلے ، کچھ بھی ایسا نہ کریں جو آپ کی حوصلہ شکنی کرے اور اس کے بعد آپ سننا ہی چھوڑ دیں۔
  2. ایسی کوئی بات نہ  سنیں جس کو سمجھنا زیادہ مشکل ہو۔ زبردستی نہ سنین اور دن میں کئی گھنٹوں تک خود کو انگریزی سننے پر مجبور نہ کریں۔
  3. اگر آپ کچھ دن انگریزی نہیں سن پاتے ہیں؛ تو کوئی بات نہیں۔ذرا آرام کریں ، اور خود سے وعدہ کریں کہ اگلے دن آپ کچھ نہ کچھ انگریزی ضرور سنیں گے۔

انگریزی پڑھنا : Reading

 انگریزی پڑھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ پڑھ کر سمجھ سکیں کہ مصنف کیا کہنا چاہتے ہیں۔ لیکن اگر آپ ابتدائی درجہ میں ہیں اور آپ نہیں جانتے کہ کس طرح پڑھا جائے جس سے آپ سمجھ بھی سکیں اور آپ کو اچھا بھی لگے؛ تو ابھی ہم اسی پر بات کریں گے۔

جب مکان تعمیر ہوتا ہے تو ، ایک دم سے تیار نہیں ہوجاتا؛ بلکہ شروع میں چند اینٹوں کی دیوار، پھر دیوار سے دیواریں اور آخر میں وہی دیواریں جڑ کر ایک مکان کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ اسی طرح دوسری صلاحیتیں بھی آہستہ آہستہ بنتی ہیں۔

اس لیے آپ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں سے شروع کریں، جیسے روز کچھ جملے پڑھیں، یا ایک لطیفہ، یا کوئی ایک چھوٹی کہانی۔۔۔۔

اور انگریزی پڑھنا تو اس سے زیادہ آسان ہے جتنا آپ سوچتے ہیں، بس آپ کو چند چیزیں کرنی ہوں گی:

1. انگریزی کی ایسی کتاب تلاش کریں جو آپ کے لیے بہتر ہو:

 عام سوال جو مجھے ملتا ہے وہ ہے:  انگریزی سیکھنے کے لئے کون سی بہترین کتاب ہے؟

تو ایسی کوئی کتاب نہیں ہے جو ہرسیکھنے والے کے لئے بہترین ہو۔ کیونکہ ہر ایک کے درجے الگ ہو تے ہیں کوئی ابتدائی انگریزی سیکھ رہاہے، کوئی کچھ سیکھ چکاہے, تو کوئی انتہائی درجہ کی انگریزی سیکھ رہاہے۔ اس لیے ہوسکتاہے کہ ایک کتاب آپ کے لیے بہتر ہو اور دوسروں کیلیے نہ ہو۔

اس لیے ایسی کتابیں ڈھونڈیں جو:

آپ کے درجہ کے مطابق ہو، اگر آپ ابتدائی درجہ کے ہیں؛ تو آسان اور دلچسپ کتاب کا انتخاب کریں۔ آپ بچوں کی کہانیوں کی کتاب سے شروع کرسکتے ہیں۔

بچوں کی کتاب!!!😳😳😳

جی ہاں! میں سچ کہہ رہا ہوں بچوں کی کتابیں اتنے سہل انداز میں لکھی جاتی ہیں کہ سیکھنے کے ساتھ ساتھ مزا بھی آجائے۔

نیز کتاب کا انتخاب آپ اس طرح بھی کرسکتے ہیں کہ آپ انگریزی کیوں سیکھنا چاہتے ہیں؟

اگر سفر کیلیے؛ تو سفر کے بارے میں لکھی گئی کتابیں پڑھیں۔

اگر کاروبار کے لیے؛ تو کاروباری کتابیں پڑھیں۔

یعنی جس چیز لیے آپ انگریزی سیکھ رہے ہیں ان پر لکھی گئی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔

لیکن ایسی کوئی کتاب نہ پڑھیں جس کو سمجھنا کافی مشکل ہو۔

ہاں! آپ کتاب پڑھنے کے مقصد کے مطابق بھی کتاب تلاش کرسکتے ہیں:

اگر آپ معلومات کیلیے پڑھنا چاہتے ہیں تو آپ جرنل نالج والی کتاب، کسی موضوع پر لکھی گئی انسائیکلوپیڈیا جیسی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔

اگر آپ بس لطف اندوزی کے لیے پڑھنا چاہتے ہیں؛ تو ناول، کہانی کی کتابیں، اور لطیفوں کی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔

لیکن اہم سوال یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس وقت نہ ہو تو؟؟

تو آپ چند چیزیں کر سکتے ہیں:

2: تبصرے (Comments) پڑھیں:

 آج کل لوگ سوشل میڈیا بہت استعمال کرتے ہیں؛ جیسے فیس بک،انسٹاگرام وغیرہ ان میں تصویر (یا Posts) کے نیچے تبصرے (Comments)  لکھے ہوتے ہیں آپ انہیں پڑھ سکتے ہیں۔ اس میں زیادہ وقت بھی نہیں لگے گا اور چونکہ تصویر(Posts) کے مطابق ہی باتیں ہوں گی اس لیے سمجھنا بھی مشکل نہیں ہوگا۔

لیکن ! اگر آپ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے- جو کہ کرنا بھی نہیں چاہیے کیونکہ ان میں وقت کی بربادی کے علاوہ کچھ نہیں-  تو یوٹیوب تو ضرور استعمال کرتے ہوں گے اس میں انگریزی ویڈیو دیکھیے اس ویڈیو کے نیچے بھی بہت سارے انگریزی تبصرے(Comments) لکھے ہوتے ہیں، آپ انہیں پڑھ سکتے ہیں، ان میں بھی کم وقت اور سمجھنا زیادہ آسان ہوتاہے۔

3: موبائیل کی زبان انگریزی رکھیے:

  موبائیل کی سیٹنگ میں بہت سی زبانوں کے آپشنز ہوتے ہیں؛ لیکن آپ موبائیل کو انگریزی ہی میں رکھیے اس سے بغیر ارادے کے بھی آپ کچھ نہ کچھ انگریزی پڑھتے رہیں گے۔

4: روزانہ کوئی لطیفہ یا اقوال پڑھیں: 

 لطیفے چونکہ چھوٹے ہوتے ہیں اور دلچسپ بھی۔ اس لیے آپ روزانہ کوئی لطیفہ پڑھیے اس سے وقت بھی کم لگے گا، اور لطف بھی آئے گا۔ اور اگر چاہیں ؛ تو بڑے لوگوں کے اقوال بھی پڑھ سکتے ہیں اس سے جہاں آپ کی حکمت بڑھے گی ، وہیں انگریزی پڑھنے کی صلاحیت بھی۔۔۔

پڑھتے وقت اگر سہولت ہو؛ تو آپ یہ کریں!

زور سے پڑھیے:

اس سے آپ کے پڑھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا کیونکہ اس میں آپ دو طرح مشغول ہوں گے، ایک تو پڑھنے میں آپ کی زبان اور سننے میں آپ کے 👂 کان۔ اس طرح الفاظ آپ کے ذہن میں آسانی سے محفوظ ہوں گے۔اور اس سے انگریزی کے تلفظ میں بھی مدد ملے گی۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیں!

انگلش لکھنا: Writing

یہ بہت اہم صلاحیت ہے. اور روز مرہ کی زندگی میں ہمیں اس کی بہت ضرورت پیش آتی ہے؛ ریلوے کے فون سے لے کر بینک کے چیک تک ہر جگہ اس کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس لیے اس پر ضرور توجہ دینی چاہیے۔

اس میں دو چیزیں قابل غور ہیں؛ ایک یہ کہ بغیر قواعد (Grammar) کے یہ ناممکن ہے. ہوسکتاہے آپ ایسے لوگوں کو جانتے ہوں جن کو انگریزی قواعد کی بالکل بھی واقفیت نہیں، لیکن وہ یورپ ممالک گئے اور جب چند سالوں بعد واپس آئے؛ تو فرافر انگریزی بول رہے ہیں۔ لیکن آپ ایسے لوگ نہیں لاسکتے جو انگریزی کے قواعد نہ جانتے ہوں، پھر بھی انگریزی لکھ سکتے ہوں۔

اس لیے اگر آپ کو انگریزی لکھنا سیکھنا ہے؛ بلکہ کوئی بھی زبان لکھنی ہے؛ تو سب سے ضروری چیز اس زبان کے قواعد (Grammar) ہیں۔

لکھنے کے تعلق سے جو دوسری اہم چیز ہے وہ یہ ہے کہ لکھنے میں دو چیزیں دیکھی جاتی ہیں ایک تحریر یعنی لکھاوٹ کی خوشخطی, اور دوسری چیز املا۔۔

اگر آپ تحریر سیکھنا چاہتے ہیں؛ تو کسی کاتب کا  سہارا لیجیے۔

اور اگر املا (Spelling) درست کرنا چاہتے ہیں؛ تو اس کے لیے ہم یہاں موجود ہیں، چند ایسے طریقے بتانے کیلیے جن سے آپ آسانی سے لکھنے کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

 1۔تبصرے (Comments) لکھیں:

یقین مانیے یہ طریقہ جتنا آسان ہے، اتنا ہی عمدہ بھی، بس آپ کسی سوشل میڈیا ویب سائٹ یا یوٹیوب(You tube) پر جائیں, وہاں کوئی انگریزی ویڈیو دیکھیں، ویڈیو کے نیچے بہت سے تبصرے (Comments) ہوں گے، آپ کمنٹ بوکس میں جائیں اور وہ ویڈیو کیسی لگی آپ انگریزی میں لکھ دیں۔ بس اتنا کافی ہے۔

 اگر آپ نے کمنٹ میں غلط انگریزی  لکھ دی تو ؟😞😞

توکوئی حرج نہیں کیونکہ آپ اس میں اکیلے نہیں ہوں گے۔ اور نہ ہی کوئی آپ کو پہچانتا ہوگا۔ اور یقین مانیے میں اس پر کمنٹ پڑھتا ہوں، اور کچھ کمنٹس (Comments) اتنی بری انگریزی میں ہوتے ہیں کہ بس توبہ۔۔۔۔۔ اور میرا ماننا ہے کہ اگر آپ انگریزی کے بنیادی اصولوں سے بھی واقف ہیں؛ تو اتنا برا نہیں لکھیں گے۔ اس لیے آپ اس کی فکر مت کیجیے۔

2۔روزنامچہ لکھیے:

 آپ ایک ڈائری رکھیے اور دن بھر میں جو بھی آپ نے کیا ہے، اسے انگریزی میں لکھ دیجیے، بس یہ روز کیجیے۔اور ایک دن آپ اتنی عمدہ انگریزی لکھیں گے کہ مجھے دعائیں دیں گے۔

3۔ادبی ٹکڑا لکھیں! 

ناول ، ایک مختصر کہانی ، نظم ، ڈرامہ ، یا کسی بھی طرح کی تخلیقی تحریر لکھنے میں اپنا ہاتھ آزمائیں۔ اگر آپ اس پر ہر دن تھوڑا سا بھی کام کرتے ہیں تو ، یہ آپ کی تحریری صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ آپ کی تخلیقی صلاحیت میں اضافہ کا بھی ضامن ہوگا۔

4۔جتنا ہو سکے پڑھیں!

جس طرح ہم کہتے ہیں کہ سننے کا بولنے سے بہت گہرا تعلق ہے ، اسی طرح پڑھنے کا لکھنے سے بہت گہرا تعلق ہے۔ لہذا آپ کی انگریزی تحریر کو بہتر بنانے کے لیے ہمارا مشورہ زیادہ سے زیادہ پڑھنے کا ہوگا! اس سے آپ کو اپنے الفاظ ، گرائمر ، جملے کی ساخت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور آپ کو معلوم ہوگا کہ کسی چیز کو تحریر میں بیان کرنے کے بہت سے مختلف طریقے ہیں۔

مثال کے طور پر: اگر آپ کو کسی مکان یا خود کی بائیو کی تفصیل لکھنے کی ضرورت ہے تو ، ایک عمدہ خیال یہ ہے کہ کتابیں ، رسائل ، بروشرز ، انٹرنیٹ یا کسی بھی ذریعہ سے جس کے بارے میں آپ سوچ سکتے ہیں ، کچھ دوسرے مضامینپڑھیں۔ دوسروں کو پڑھنے کے بعد ، پھر آپ خود لکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ آپ کو احساس ہوگا کہ بغیر پڑھے لکھنے سے زیادہ پڑھنے کے بعد لکھنا آسان ہے۔

5۔انگریزی لغت پاس رکھیں!

لکھتے وقت سب سے زیادہ ضرورت الفاظ کی ہوتی ہے، اور الفاظ کبھی کبھی یا تو صحیح سے یاد نہیں ہوتے یا شک ہوتاہے، اور اگر آپ شروعاتی دور میں ہیں؛ تب تو یہ مشکل بہت زیادہ پیش آتی ہے، اور ایسے وقت میں آپ اچھا ساتھی لغت ہے۔ نیز لغت کی ضرورت تو بولنے میں بھی پڑتی ہے، اس لیے ایک جیبی لغت یا لغت والا ایپ ضرور اپنے ساتھ رکھیں۔ Play Store پر آپ کو بہت سے ایپ مل جائیں گے.

6۔بس شروع کردیجیے:

سب سے اچھا طریقہ کسی چیز کو کرنے کا یہی ہے کہ آپ زیادہ سوچے بغیر شروع کردو، ہوسکتا ہے ابتدا میں زیادہ غلطیاں ہوں، ہوسکتا ہے آپ دو ہی سطر لکھ سکیں، لیکن اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کیونکہ بڑے بڑے ماہرین بھی شروع میں کافی غلطیاں کرتے ہیں۔

مختصر یہ کہ انگریزی سیکھنے کے لیے بس آپ کو ضرورت ہے انگلش کے بنیادی قواعد (انگلش گرامرذخیرۂ الفاظ (Vocabulary)، اوپر ذکر کردہ طریقوں کی. بس آپ انگلش سیکھنا شروع کر دیجیے، اگر کہیں شک ہو؛ تو لغت آپ کے پاس ہے۔ اور اگر کچھ اور پریشانی ہو؛ تو ہم یہاں موجود۔۔۔۔۔۔۔

یہ👇 اسباق بھی پڑھیں!

0 thoughts on “اگریزی زبان سیکھنے کا آسان طریقہ | گھر بیٹھے انگلش سیکھنے کے طریقے”

  1. آپ کون ہیں مجھے علم نہیں!
    مگر آپ کا بہت عمدہ ہے اسی طرح لگے رہیں! اس سے مدرسہ کے بچوں کو بہت زیادہ مدد ملے گی!!
    شکریہ بھائی اتنی مدد کرنے کا 🌹

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top