آسان انداز میں انگلش پڑھنا سیکھیں
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
پڑھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ پڑھ کر سمجھ سکیں کہ لکھنے والا کیا کہنا چاہتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ پڑھنا ضروری کیوں ہے، کیسے پڑھیں کہ جلدی سمجھ سکیں؟
تو آج ہم آپ کو یہی بتانے والے ہیں۔۔
انگلش پڑھنا کیوں ضروری ہے؟
انگریزی سیکھنے کا مطلب صرف الفاظ اور قواعد سیکھنا نہیں ہے، بلکہ اس میں انگریزی سننے، بولنے، لکھنے اور پڑھنے کی صلاحیت حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ اور یہ کہنا مبالغہ آرائی نہیں ہوگا کہ انگریزی سیکھنے میں انگریزی پڑھنے کا بہت اہم کردار ہے۔
لیکن یہ اتنا اہم کیوں ہے؟
یہاں اس کی چند وجوہات ہیں کہ انگریزی پڑھنا کیوں ضروری ہے اور آپ کو اس اہم صلاحیت میں مہارت حاصل کرنے پر کیوں توجہ دینی چاہیے۔
ذخیرہ الفاظ کو بہتر بنانے کے لیے
آپ کی ذخیرہ الفاظ کو بہتر بنانے کے لیے پڑھنا بہت اچھا ہے۔
کیونکہ ایک تو پڑھتے وقت آپ کو بہت سے نئے الفاظ ملیں گے۔ بعض اوقات آپ کو لغت کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ آپ ان الفاظ کو کتاب کے سیاق و سباق سے سمجھ جائیں گے۔ دوسرا یہ کہ بہت سے نئے الفاظ کتاب میں کئی بار دہرائے جانے کی وجہ آپ کو اچھی طرح سے یاد ہوجائیں گے۔ اس طرح پڑھنا آپ کو اپنے ذخیرہ الفاظ کو بڑھانے اور اسے بہتر طریقے سے حفظ کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ کسی بھی زبان کو بولنے کے لیے اس زبان کے الفاظ کا ذخیرہ کس قدر اہم ہوتا ہے۔
پڑھنا گرامر کے لیے بہت اچھا ہے۔
ذخیرہ الفاظ کی طرح، ایک کتاب کو پڑھتے ہوئے، آپ کو مختلف سیاق و سباق میں مختلف قسم کے جملوں کی ترتیب اور انگریزی کے وہ قواعد بھی ملیں گے جو آپ کے لیے نئے ہوں گے، اور بار بار نظر سے گزرنے کی وجہ سے وہ آپ کے ذہن میں محفوظ ہو جائیں گے۔
پڑھنا مشق کرنے کے لیے آسان ہے۔
کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے اس کی پابندی سے مشق کرنا بہت ضروری ہے۔ لیکن، ہو سکتا ہے کہ سننا ہمیشہ ممکن یا آسان نہ ہو، یا آپ کے پاس بولنے کی مشق کے لیے موزوں ساتھی نہ ہو۔ لیکن پڑھنے کے لیے آپ کو صرف ایک کتاب کھولنی ہوگی۔ شاید ایسا بھی نہیں: اگر آپ الیکٹرانک کتابوں کے خلاف نہیں ہیں تو آپ اپنے اسمارٹ فون میں ایک پوری لائبریری رکھ سکتے ہیں۔
پڑھنا نئے علوم کے لیے۔۔
پڑھنا دنیا کے بارے میں جاننے کی کلید ہے۔ بس ان تمام چیزوں کے بارے میں سوچیں جو آپ اپنی مادری زبان میں پڑھتے ہیں: خبریں، افسانے، ویب سائٹس، فورمز، کہانیاں، لطیفے، کتابچہ وغیرہ۔ آپ کی انگریزی پڑھنے کی سمجھ کو بہتر بنانے سے علم کی ایک وسیع دنیا کھل جاتی ہے۔ ذرا تصور کریں، انٹرنیٹ پر 80% سے زیادہ معلومات انگریزی میں ہیں، اس کا ایک بڑا حصہ متن کی شکل میں ہے۔ اس لیے آپ کو پڑھنے کی صلاحیت میں مہارتوں کی ضرورت ہوگی!
پڑھنا مفت یا سستا ہوتا ہے۔
انٹرنیٹ پر بہت ساری سائٹیں ہیں جہاں آپ مفت پڑھنے کا مواد حاصل کر سکتے ہیں۔
انگلش پڑھنے کا طریقہ
اگر آپ چاہتے ہیں کہ کم وقت میں آپ اچھی طرح انگلش پڑھنا اور اس کو سمجھنا شروع کردیں؛ تو روزانہ پابندی سے مشق کے ساتھ ساتھ چند چیزوں کا دھیان رکھیں:
- کم ازکم اتنی تیز آواز سے پڑھیے جسے آپ خود سن سکیں۔ اس سے آپ کی انگریزی پڑھنے کی اہلیت میں بہتری آئے گی۔
- اگر آپ کو پورا نہ بھی سمجھ میں آئے؛ تو بھی کوئی بات نہیں۔ آپ بس پڑھنے کی کوشش کیجیے۔
- پہلے خود سے سمجھنے کی کوشش کیجیے پھر ترجمہ دیکھیے۔۔۔۔۔
- پڑھنے کے لیے ہمیشہ خاص وقت نکالیں۔
تفریح کے لیے پڑھنا کہیں بھی ہوسکتا ہے؛ آپ بس میں، بستر پر یا دفتر میں تفریحی کتاب لے سکتے ہیں، اور اس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
تاہم، اگر آپ اپنی سمجھ کو بہتر بنانے کے لیے پڑھ رہے ہیں، تو آپ کو توجہ کے ساتھ مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ آپ کو پڑھنے کے لیے ایک خاص وقت نکالنا ہوگا اس سے آپ بغیر کسی رکاوٹ کے اچھی طرح توجہ مرکوز کرنے میں مدد دے گا۔ آپ اس وقت کہیں مشغول ہونے سے بچیں۔
آپ ہر روز کم از کم 30 منٹ توجہ کے ساتھ پڑھیں۔ اپنی پڑھنے کی مہارت کو سنجیدگی اور کامیابی سے بہتر بنانے کا طریقہ یہی ہے۔ آپ جتنا زیادہ پڑھیں گے، اتنا ہی آپ میں بہتری آئے گی۔
اسے آزمائیں:
جب آپ انگلش پڑھنے کے لیے بیٹھتے ہیں؛ تو ان باتوں کا خیال رکھیں:
- بیٹھنے کے لیے ایک پرسکون، روشن اور آرام دہ جگہ تلاش کریں۔
- بیٹھنے سے پہلے ہر چیز تیار کر لیں جس کی آپ کو ضرورت ہوسکتی ہے۔ جیسے؛ ایک قلم، نوٹ بک، ایک لغت وغیرہ۔
- متعین کرلیں کہ آپ کتنی دیر تک پڑھیں گے۔
- اپنے تمام الیکٹرانکس آلات، موبائل وغیرہ کو سائلنٹ موڈ پر رکھیں (یا انہیں آف کریں) اور دور رکھ دیں۔
الیکٹرانکس آلات کی آواز کو بند کرنا شاید اہم نہ لگے، لیکن یہ وہ کام ہے جو آپ کو واقعی کرنا چاہیے!
5. پڑھتے وقت اور پڑھنے کے بعد خود سے سوالات کریں۔
انگریزی پڑھنے کا مطلب صرف الفاظ پڑھنا نہیں ہے؛ بلکہ اس کو پڑھ کر سمجھنا بھی ہے!
متن کو بہتر طور پر سمجھنے میں آپ کی مدد کے لیے کچھ چیزیں ہیں جو آپ پڑھنے سے پہلے، دوران اور پڑھنے کے بعد کر سکتے ہیں:
- پڑھنے کے بعد کچھ وقت نکالیں اور جو کچھ آپ کو یاد ہے اس کا خلاصہ بیان کریں۔ فوری طور پر چند ایسے جملے کہنے یا لکھنے کی کوشش کریں جو یہ بیان کریں کہ متن کس کے بارے میں تھا۔
- آپ نے جو کچھ پڑھا ہے اس کے بارے میں سوچیں، خود سے سوال کریں، اس سے آپ کو معلوم گا کہ آپ نے اس میں سے کتنا سمجھا ہے۔
اسے آزمائیں:
پڑھنے کے بعد، خود سے ذیل کے سوالات کریں تاکہ آپ جان سکیں کہ آپ نے کیا سمجھا اور کیا نہیں:
- متن کس بارے میں تھا؟
- متن میں سب سے اہم چیزیں کیا ہیں؟
- کیا کسی چیز نے آپ کو الجھایا؟
- کیا آپ کو کسی چیز نے حیران کیا؟
- کیا ایسے حصے ہیں جو آپ کو سمجھ نہیں آئے؟
پڑھنے کی صلاحیت کیسے بہتر کریں
جب مکان تعمیر ہوتا ہے تو، ایک دم سے تیار نہیں ہوجاتا؛ بلکہ شروع میں چند اینٹوں کی دیوار، پھر دیوار سے دیواریں اور آخر میں وہی دیواریں جڑ کر ایک مکان کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ اسی طرح دوسری صلاحیتیں بھی آہستہ آہستہ بنتی ہیں۔
اس لیے دلجمعی کے ساتھ پابندی سے مشق کریں، اگرچہ کم ہو۔
اور مشق کے ساتھ ساتھ آپ مندرجہ ذیل چیزوں کا بھی خیال رکھیں:
1: موبائیل کی زبان انگلش رکھیے:
موبائیل کی سیٹنگ میں بہت سی زبانوں کے آپشنز ہوتے ہیں؛ لیکن آپ موبائیل کو انگریزی ہی میں رکھیے اس سے بغیر ارادے کے بھی آپ کچھ نہ کچھ انگریزی پڑھتے رہیں گے۔
2: تبصرے (Comments) پڑھیں:
آج کل لوگ سوشل میڈیا بہت استعمال کرتے ہیں؛ جیسے فیس بک،انسٹاگرام وغیرہ ان میں تصویر (یا Posts) کے نیچے تبصرے (Comments) لکھے ہوتے ہیں آپ انہیں پڑھ سکتے ہیں۔ اس میں زیادہ وقت بھی نہیں لگے گا اور چونکہ تصویر (Posts) کے مطابق ہی باتیں ہوں گی اس لیے سمجھنا بھی مشکل نہیں ہوگا۔
3: روزانہ کوئی لطیفہ یا اقوال پڑھیں:
لطیفے چونکہ چھوٹے ہوتے ہیں اور دلچسپ بھی۔ اس لیے آپ روزانہ کوئی لطیفہ پڑھیے اس سے وقت بھی کم لگے گا، اور لطف بھی آئے گا۔ اور اگر چاہیں ؛ تو
بڑے لوگوں کے اقوال بھی پڑھ سکتے ہیں اس سے جہاں آپ کی حکمت بڑھے گی ، وہیں انگریزی پڑھنے کی صلاحیت بھی۔۔۔
انگلش پڑھنے کی مشق
آج سے ہم انگلش پڑھنے کی مشق شروع کررہے ہیں جس سے آپ کی انگریزی پڑھنے اور اس کو سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔ طریقہ یہ ہوگا کہ ہم الگ الگ عنوان پر آپ سے کچھ انگریزی پڑھوائیں گے اور اس کے مطابق مشق کروائیں گے۔ شروع میں بہت مختصر اور آسان اور اس کے بعد آہستہ آہستہ طویل کرتے جائیں گے۔ سیکھنے والے کے اعتبار سے ہم نے اسے مختلف درجات میں تقسیم کیا ہے۔ یعنی مبتدی (Beginner)، پھر (Pre-intermediate) درمیانی وغیرہ۔ بس آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پابندی سے یہ مشق کریں۔
اس سے جہاں آپ کی انگریزی پڑھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بڑھے گی وہیں آپ کے ذخیرۂ الفاظ (
Vocabulary) میں بھی اضافہ ہوگا۔
READING EXERCISE :: پڑھنے کی مشق
Beginner A1 (مبتدی)
معروف موضوعات، سادہ معلومات، آسان الفاظ اور جملوں میں انگریزی پڑھنے کی مشقیں۔
انگلش پڑھنے کا ایک سبق چنیں!
Pre-intermediate A2 (قبل المتوسط)
سادہ متن کو سمجھنے اور روزمرہ کے مواد میں مخصوص معلومات تلاش کرنے میں مدد کے لیے پڑھنے کی مشقیں۔
انگلش پڑھنے کا ایک سبق چنیں!
Intermediate B1 (متوسط)
روزمرہ یا نوکری سے متعلقہ انگریزی کے متن کو سمجھنے میں مدد کرنے کے لیے انگریزی پڑھنے کی مشقیں۔
انگلش پڑھنے کا ایک سبق چنیں!
Upper intermediate B2 (بعد المتوسط)
ایسے جملے اور وسیع الفاظ کو پڑھنے کی مشقیں جہاں آپ کو مصنف کی رائے پر غور کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
انگلش پڑھنے کا ایک سبق چنیں!